سری نگر ، 8 ؍ستمبر((ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )وادی کشمیر میں لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی ہٹا لی گئی ،حالانکہ علیحدگی پسندوں کی جانب سے بلائی گئی ہڑتال کی وجہ سے آج مسلسل 62ویں دن عام زندگی متاثر رہی۔پولیس ترجمان نے کہا کہ وادی میں آج کہیں بھی کرفیو یا پابندی نہیں ہے۔تاہم انہوں نے کہا کہ قانون وانتظام کو برقرار رکھنے کے لیے حساس مقامات پر سیکورٹی بلانے کو تعینات کیا گیا ہے۔جولائی میں حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی موت کے بعد وادی میں صورت حال کشیدہ ہو گئی تھی ۔دکانیں، کاروباری ادارے اور پٹرول پمپ آج بھی دن میں بند رہے۔علیحدگی پسندوں کی کچھ دنوں کی ہڑتال میں کچھ گھنٹوں کی نرمی کے اعلان کے بعد سری نگر میں بازار اور دیگر ادارے کھلے ۔ہڑتال کی مہم کی قیادت کر رہے علیحدگی پسندوں نے اسے 16؍ستمبر تک بڑھا دیا ہے۔اسکول، کالجز اور دیگر تعلیمی ادارے آج بھی بند رہے جبکہ سرکاری دفاتر اور بینکوں میں ملازمین کی حاضری میں کچھ بہتری نظرآئی ۔کاروباری مرکز لال چوک پر آج صبح مختلف بینکوں کے باہر صارفین کی بھاری بھیڑ دیکھنے کو ملی۔پبلک ٹرانسپورٹ اب بھی سڑکوں سے غائب ہے، لیکن نجی کاریں اور آٹو رکشہ سڑکوں پر آمدورفت کرتی نظر آئے بالخصوص سول لائن کے علاقے میں۔